مفت راشن اسکیم میں چھٹی مرتبہ3ماہ کی توسیع
دسمبر2022 تک ماہانہ5کلو فی کس مفت راشن فراہم ہوگا
44,700 کروڑ روپے لاگت آئے گی:مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر
سری نگر:۲۸،ستمبر:جے کے این ایس : مرکز ی حکومت نے مفت راشن اسکیم کو 30 ستمبر سے 3 ماہ تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے قومی خزانے پرتقریباً45ہزار کروڑ روپے اضافی لاگت آئے گی۔جے کے این ایس مانٹرینگ ڈیسک کے مطابق مرکزی حکومت نے بدھ کے روز پردھان منتری غریب کلیان انا یوجنا اسکیم کو اگلے 3 ماہ تک غریبوں کو مفت راشن فراہم کرنے کیلئے بڑھا دیا۔مرکزی وزیراطلاعات ونشریات انوراگ ٹھاکر نے کہاکہ دسمبر2022 تک مزید 3 مہینوں کے لئے 80 کروڑ لوگوںکوکا مفت راشن فراہم کیاجائیگا جس پر 44,700 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔خیال رہے پردھان منتری غریب کلیان انا یوجنا اسکیمPMGKAY کو مارچ 2020 میں شروع کیا گیا تھا تاکہ کورونا لاک ڈاؤن کی مدت کے دوران عام لوگوںکی مشکلات کو کم کرنے کے لئے نیشنل فوڈ سیکیورٹی ایکٹ کے تحت آنے والے تقریباً80 کروڑ استفادہ کنندگان کو فی شخص 5کلو گرام مفت اناج فراہم کیا جا سکے۔2021-22میں کووڈ19کے بحران کے جاری رہنے کے ساتھ، مرکز نے اپریل2021 میں اس اسکیم کو مئی اور جون 2021 کے2 مہینوں کی مدت کے لئے دوبارہ متعارف کرایا تھا اور اسے2021میں ماہ جولائی سے نومبر تک مزید 5 ماہ کے لیے بڑھا دیا تھا۔ اس اسکیم کوپھردسمبر 2021 سے مارچ 2022 تک بڑھا دیا گیا۔ 26 مارچ کو، مرکز نے80 کروڑ روپے کی لاگت سے غریبوں کو 5 کلو گرام اناج مفت فراہم کرنے کی اسکیم کو 30 ستمبر تک 6 ماہ کیلئے بڑھا دیا تھا۔ پردھان منتری غریب کلیان انا یوجنا اسکیمPMGKAY کے تحت کل اخراجات تقریباً 3.40 لاکھ کروڑ روپے تک پہنچ گئے ہیں۔مفت اناج NFSA کے تحت 2سے3 روپے فی کلو کی انتہائی رعایتی شرح پر فراہم کیے گئے عام کوٹے سے زیادہ ہیں۔ حکومت نے پردھان منتری غریب کلیان انا یوجنا اسکیمPMGKAY کے تحت چھٹے مرحلے کیلئے ایک ہزار لاکھ ٹن سے زیادہ مفت اناج مختص کیا ہے۔
@2022 – Heavenmail.in | All Right Reserved.